تعارف
رد الالحاد فورم کا قیام اپریل 2024 میں عمل میں آیا، جس کا بنیادی مقصد الحاد کے بڑھتے ہوئے فتنے کا مقابلہ کرنا اور مسلمانوں کے ایمان و عقیدے کا دفاع کرنا ہے. اس فورم کے مرکزی ذمہ دار مفتی لقمان اختر عفی عنہ ہیں.
پس منظر
حق و باطل کی فکری جنگ انسانیت کی تخلیق سے جاری ہے. جب باطل کو عسکری میدان میں شکست ہوئی تو اس نے فکری جنگ کا راستہ اپنایا تاکہ مسلمانوں کو فکری ارتداد کا شکار کر کے انہیں ایمان کی طاقت سے محروم کر سکے. ماضی میں معتزلہ، خوارج، روافض، یونانی فلسفہ، تاتاری فتنے، اور ہندو فلسفے کی شکل میں باطل نے سر اٹھایا، لیکن ہر دور میں حق نے نصرت خداوندی اور قوت ایمانی سے اس کا مقابلہ کیا.
اٹھارویں صدی کے اواخر میں مغربی دنیا سے ایک نیا فتنہ اٹھا، جو سائنسی ایجادات سے متاثر ہو کر مذہب کو کلیساؤں تک محدود کرنے اور انسان اور سائنس کو حقیقت اعلیٰ تصور کرنے پر مبنی تھا. موجودہ دور میں الحاد ایک مضبوط فتنہ بن چکا ہے اور پاکستان کی بیشتر یونیورسٹیوں اور کالجوں میں آکسفورڈ اور کیمبرج سے پڑھے ہوئے پروفیسرز الحاد کی دعوت دے رہے ہیں. مسلمان نوجوان لڑکے اور لڑکیاں سائنس اور انگلش لٹریچر کے ذریعے الحادی نظریات سے متاثر ہو رہے ہیں.
مفتی لقمان اختر صاحب کو 2024 کے اوائل میں ایک ملحد سے "قرآن الہامی کتاب" کے موضوع پر مناظرے کے دوران اس فتنے کی شدت کا اندازہ ہوا. انہوں نے محسوس کیا کہ علماء اور عوام میں الحاد کے مقابلے کے حوالے سے مایوسی پائی جاتی ہے، اور علماء کی استعدادیں زیادہ تر فروعی مسائل پر صرف ہو چکی تھیں. اس صورتحال میں قرآن کے اسلوب دعوت اور مکالمے کے طریقے کو اپنانے کی ضرورت محسوس کی گئی.
اس مشکل وقت میں یہ محسوس کیا گیا کہ اسلام کے دفاع کے لیے مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے اور انہیں تدریجی مطالعہ اور تربیتی ورکشاپس کے ذریعے تیار کیا جائے. ریسرچ گروپس تشکیل دیے جائیں جو اعتراضات پر تحقیقی جوابات تیار کریں، اور متکلمین کی ایک مضبوط جماعت تیار کی جائے جو دلائل کی دنیا میں الحاد کا مقابلہ کر سکے. اسی عزم کے ساتھ ہر ضلعے میں رد الالحاد کے لیے مستعد افراد کی جماعتیں تشکیل دینے کا اعلان کیا گیا. اپریل 2024 میں رد الالحاد فورم کی بنیاد رکھی گئی، اور 14 اگست 2024 کو مرکزی ذمہ داران کی میٹنگ میں فورم کا منشور، اغراض و اہداف اور لائحہ عمل طے کیا گیا.
اغراض و اہداف
رد الالحاد فورم کے اہم اغراض و اہداف درج ذیل ہیں:
رضائے الٰہی کے بعد اپنے ایمان و عقیدے کی فکر و اصلاح کے ساتھ ساتھ امت کے تمام افراد کے ایمان و عقیدے کی فکر کرنا اور اصلاح کے لیے جدوجہد کرنا.
اسلام کے اصولوں کے دفاع کے لیے امت مسلمہ کو مسلکی و فروعی اختلاف کے باوجود متحد کرنے کی جدوجہد کرنا.
کام کرنے والے احباب کو نہج نبوت اور نہج قرآن سمجھانا اور جدید مضامین پر تدریجی مطالعہ کروانا.
انابت رکھنے والے ملحدین اور دیگر بے راہ لوگوں کی ہدایت کے لیے محنت و دعا کرنا اور ان کی ہدایت کا ذریعہ بننے کی کوشش کرنا.
مدارس اور عصری اداروں کے درمیان پیدا شدہ دوری کو ختم کرنا.
مناظرینِ ملحدین کو نام لے کر چیلنج کرنا اور ان کو ملزم ولاجواب کرنا.
مدارس، سکول اور کالج میں فکر و آگاہی کے لیے آسان فہم نصاب بنانا.
ہمارے کام کا طریقہ
ہمارا کام بنیادی طور پر 2 حصوں پر مشتمل ہے:
سوشل ورک (4 حصوں پر مشتمل)
ہر ضلعے کے لیے ایک واٹس ایپ گروپ تشکیل دیا جائے گا جس کے ذریعے تدریجی مطالعہ، تربیتی ورکشاپ کی اطلاع اور دیگر امور آسانی سے پہنچائے جا سکیں گے.
ریسرچ گروپس تشکیل دیے گئے ہیں جن کے ذریعے جدید اعتراضات کو جمع کر کے ان کے تحقیقی جوابات تیار کرنا.
فورم کے تحت واٹس ایپ گروپس کے ذریعے 4 شعبے تشکیل دیے گئے ہیں:
شعبہ ریسرچ: اسلام پر ہونے والے جدید و قدیم اعتراضات کے تحقیقی اور عقلی و نقلی جوابات تیار کرنا اور جوابی مضامین و تحقیقی مقالہ جات لکھنا.
شعبہ متکلمین: مذاہب عالم، الحاد اور اس سے تعلق رکھنے والے ڈیبیٹرز کو چیلنج کرنا اور ان سے اصولی و نتیجہ خیز ڈیبیٹس کرنا.
شعبہ میڈیا: ویب سائٹ ڈیزائننگ، گرافکس ڈیزائننگ، ویڈیو ایڈیٹنگ، اور فورم کے تمام پلیٹ فارم کی مارکیٹنگ کرنا. گستاخی کرنے والے پلیٹ فارمز پر رپورٹنگ کرنا اور ان کو ختم کرنا. شعبہ میڈیا کے تحت "شعبہ سوشل میڈیا" بھی ہے جس کے کارکنان کو "ابناء الاسلام" کہا جاتا ہے، ان کا کام سوشل میڈیا پر الحاد کے سرغنوں کو دلیل کی دنیا میں ملزم و لاجواب کرنا اور انابت والوں کی رہنمائی کرنا ہے.
شعبہ مستورات: چونکہ الحاد مردوں سے زیادہ تیزی سے عورتوں میں پھیل رہا ہے، اور ملحدین خواتین کا استعمال کر کے نوجوانوں کو متاثر کر رہے ہیں، اس لیے یہ شعبہ تشکیل دیا گیا ہے. اس شعبے کا مقصد سکلڈ بہنیں تیار کرنا ہے جو فی میل ملحدات کے کیسز دیکھیں اور مستورات میں کورسز کا سلسلہ شروع کر سکیں.
فیس بک اور یوٹیوب پر پانچ سیریز ہوں گی:
سابقہ ملحدین کے ساتھ پوڈ کاسٹ کرنا.
رد الالحاد پر تحریری اور تقریری کورسز کروانا.
ملحدین کے ساتھ اصولی اور نتیجہ خیز ڈیبیٹس کرنا.
لائیو سٹریم، براڈکاسٹس اور سپیسز کے ذریعے سوال و جواب کے سیشنز کرنا.
فزیکلی ورک
ہر ضلعے کے لیے بنیادی طور پر ایک ٹیم تشکیل دی جائے گی جو فورم کی طرف سے طے شدہ ذمہ دار کے تحت کام کی پابند ہو گی.
جس ضلعے میں یونیورسٹی ہے، وہاں ضلعی ذمہ دار کی نگرانی میں مستقل طور پر ایک کمیونٹی تشکیل دی جائے گی.
علاقائی سطح پر اور بالخصوص یونیورسٹیوں میں سیمینارز منعقد کیے جائیں گے جن میں اس فتنے کا تعارف، اسباب اور سدباب پر بات کی جائے گی اور طلباء کو سوالات کا موقع فراہم کیا جائے گا.
ان احباب سے ملاقاتیں کرنا جو کسی نہ کسی درجے میں تشکیک یا الحاد کا شکار ہو چکے ہیں، دوستانہ ماحول میں ان کے ساتھ بیٹھ کر ان کی الجھنیں اور سوالات سننا اور ان کو معقول و منقول جوابات دے کر راہ راست پر لانے کی کوشش کرنا.
ہر علاقے میں شارٹ کورسز کروائے جائیں گے اور شعبان میں رد الالحاد پر 15 دن کا دورہ بھی کروایا جائے گا.
رد الالحاد دورہ کے مضامین
جدید علم ارجاء.
جدید فلسفے کے اہم مباحث.
علم الکلام جدید معاصر اور عام فہم اصطلاحات کی روشنی میں.
وجود اور صفات باری تعالیٰ پر ہونے والے اعتراضات کے عام فہم جوابات.
نظریہ ارتقاء کے متعلق اسلام اور الحاد کے نظریات کا تقابلی جائزہ.
"قرآن الہامی کتاب ہے": الحاد، مذاہب عالم، مستشرقین اور فرقِ ضالہ کی طرف سے قرآن کے معین مواضع پر ہونے والے اعتراضات کے جوابات.
الحاد، فتنہ انکار حدیث اور مستشرقین اور فرقِ ضالہ کی طرف سے حجیت حدیث اور تدوین حدیث و رواۃ پر ہونے والے اعتراضات کے جوابات.
تاریخ مذاہب عالم (تعریف، طریقہ کار، تاریخ، نظریات، اور مشہور اعتراضات) پر تحقیقی دروس.
ملحدین سے مناظرے کے اصول، اور آخر میں ہر موضوع پر بطور مشق فرضی مناظرے کروائے جائیں گے.
فورم کے ممبران کے لیے نصاب
نصاب 3 مراحل میں مطالعہ کروایا جائے گا:
المرحلة الاولى:
علوم القرآن - مفتی تقی عثمانی (منتخب ابواب)
تفسیر عثمانی - شبیر احمد عثمانی رحمہ اللہ
خیر الاصول - خیر محمد جالندھری رحمہ اللہ
سیرت خاتم الانبیاء - مفتی شفیع رحمہ اللہ
آسان علم کلام - مولانا سیف اللہ رحمانی (علم کلام قدیم)
درس انتباہات - مولانا فصیح اللہ (علم کلام جدید)
معین الفلسفہ - (منتخب ابواب) (فلسفہ قدیم)
تاریخ فلسفہ جدید - (فلسفہ جدید)
تاریخ مذاہب (مختصر) (تعریف، تاریخ، نظریات، جوابات)
المرحلة الثانیة:
علوم القرآن - (منتخب ابواب)
تفسیر ماجدی - (منتخب آیات)
بیان القرآن - اشرف علی تھانوی (منتخب آیات)
حجیت حدیث - مولانا ادریس کاندھلوی
سیرت النبی - علامہ شبلی نعمانی
معین الفلسفہ - (باقی منتخب ابواب) (فلسفہ قدیم)
تاریخ فلسفہ جدید - (باقی منتخب ابواب) (فلسفہ جدید)
اسلام، الحاد، اور سائنس - محمد یوسف
المرحلة الثالثة:
محاضرات قرآنی - ڈاکٹر محمد احمد غازی (منتخب خطبات) / علوم القرآن (آغانی)
معارف القرآن - مولانا ادریس کاندھلوی (منتخب آیات)
تفسیر حقانی - (منتخب آیات) ، تفسیر کبیر - (منتخب آیات)
انکار حدیث سے انکار قرآن تک -
سیرت مصطفی - (منتخب ابواب)
ضیاء النبی - (منتخب جلدیں)
شرح عقائد کی شرح (آسان فہم شرح)
الرسالہ حمیدیہ (ترجمہ) مصنف قاری طیب صاحب
ہر ازم کے متعلق ایک رسالہ - جو جتنا مختصر اور مفید ہو
دعوتِ شرکت
رد الالحاد فورم مسلمانوں کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے. آپ خواہ مقلد ہوں یا غیر مقلد، حنفی، مالکی، حنبلی یا شافعی ہوں، آپ نظریاتی دیوبندی ہوں یا بریلوی، دیوبند کے جس جماعت سے تعلق رکھتے ہوں لیکن اگر آپ اسلام کے نام سے اسلام کے دفاع کو ضروری سمجھتے ہوں تو رد الالحاد فورم آپ کا اپنا فورم ہے. آئیے اور اپنی استعدادیں مزید اسلام کے دفاع میں استعمال فرمائیں.
اگر عالمِ کفر مذہبی اور اصولی اختلاف کے باوجود اسلام کے خلاف ایک صف میں ہے تو ان شاء اللہ آئیں گے، اور وہ دن آئے گا کہ اسلام کے دفاع کے لیے مسلمان بھی فروعی و مسلکی اختلاف کے باوجود متحد ہوں گے. آج نہیں تو کل اور کل نہیں تو پرسوں، لیکن آپ کے پاس اس بات سے اتفاق کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہوگا کہ اسلام کے اصولوں کے دفاع کے لیے امت مسلمہ کا متحد ہونا فرض و واجب ہے. دل مانے یا نہ مانے! لیکن مزید ایک دوسرے کو معاف کر کے فروعی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اسلام کے دفاع کے لیے متحد ہو جائیے!
اور آپ رد الالحاد فورم کے جس شعبے میں کام کر سکتے ہیں آپ کو شرکت کی دعوت دی جاتی ہے. شرکت کرنے والوں کے لیے صرف ایک ہی شرط ہے اور وہ یہ کہ فورم پر کام کرتے ہوئے کسی بھی مسلکی یا اختلافی موضوع کو چھیڑا نہیں جائے گا.
شوریٰ (اراکین)
"رد الالحاد فورم" کے اراکین شوریٰ درج ذیل ہیں:
مفتی لقمان اختر صاحب: فاضل و متخصص جامعہ سعیدہ اوگی.
مولانا شاکر اللہ حقانی صاحب: فاضل جامعہ حقانیہ و مدرس جامعہ عبداللہ بن مسعود مردان.
مولانا عمر یوسفزئی صاحب: فاضل جامعہ حقانیہ و ناظم و مدرس جامعہ رحمانیہ للعلوم الاسلامیہ.
مولانا محمد طلحہ صاحب: فاضل جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک.
عمران زیب صاحب: معلم (جامعہ الرشید کراچی).
مفتی عبدالقدیر صاحب: فاضل: جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن کراچی، متخصص: جامعہ علوم اسلامیہ فریدیہ اسلام آباد، عصری تعلیم: MS عقیدہ و فلسفہ جاری.
مفتی بشیر اللہ خلوزی صاحب: حافظ قرآن، فاضل و متخصص جامعہ مخزن العلوم کراچی، MBA، ماسٹرز آف بزنس ایڈمنسٹریشن اسپیشلائزیشن ان اکنامکس، اامریکن انگلش ٹرینر، سافٹ سکلز، پیشۂ تدریس، پروڈیوسر، ڈیزائنر.
مولانا ڈاکٹر مبارک اظہر ضیاء صاحب: فاضل درس نظامی و متخصص فی الحدیث. مہتمم جامعہ سیدنا ثابت بن قیس اکیڈمی و جامعہ سیدۃ النساء نابلت فیصل آباد. وزٹنگ اسکالر ڈیپارٹمنٹ آف اسلامک اسٹڈیز شبلی گروپ آف کالجز.
حافظ ذبیح اللہ صاحب: انگلش انسٹرکٹر، ماسٹرز ان انگلش.